Friday 12 August 2016

درس نظامی کے اساتذہ متوجہ ہوں

0 comments
درس نظامی کے اساتذہ متوجہ ہوں
🖋 راہی حجازی

بر صغیر کے مدارس اسلامیہ میں نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوچکا ہے۔ پڑھائی رفتہ رفتہ رفتار پکڑ رہی ہے۔ کچھ اساتذہ کو نئی کتابیں ملی ہونگیں،کچھ کی کتابیں تبدیل ہوئی ہونگیں اور کچھ درسگاہِ مدارس میں مسندِ تدریس پر اپنا *ڈیبیو* کررہے ہونگے۔ ولولے نئے ہونگے تو امنگیں جواں ہونگیں۔ مفوضہ کتابوں کے متعلقات و شروح تلاش کئے جارہے ہونگے، خريدے جارہے ہونگے، جمع کئے جارہے ہونگے، ڈاؤنلوڈ کئے جارہے ہونگے۔ مندرجہ ذیل پہلا لنک اسی تناظر میں ہے۔ یہ لنک جس سائٹ پر لیجائے گا اس پر درس نظامی کی چند کتابیں جیسے ترمذی، ہدایہ،اصول الشاشی وغیرہ کے دروس اپلوڈ کئے گئے ہیں جنکو متعلقہ اساتذہ نے درسگاہ میں القاء فرمایا ہے۔ یہ دروس درسگاہ کے پورے روایتی موڈ کے ساتھ ریکارڈ کر سائٹ پر اپلوڈ کئے گئے ہیں۔پی ڈی ایف میں بھی ہیں اور اوڈیو میں بھی۔ اس پوسٹ کے ذریعہ بس یہی علمی وقیع سوغات آپ حضرات کی خدمت میں پہنچانی مقصود ہے کہ لنک کو پریس کرتے ہوئے سائٹ پر جائیے۔ اولا چیک فرمائیں کہ آپ سے متعلق کسی کتاب کے دروس ہیں یا نہیں؟ اگر ہوں تو ثانیا انکو ڈاؤنلوڈ فرما لیں۔ اسباق الگ الگ بھی ڈاؤنلوڈ کئے جاسکتے ہیں اور پورا بنڈل ایک ساتھ بھی ڈاؤنلوڈ کیا جاسکتا ہے۔ بنڈل ڈاؤنلوڈ کرنے کی صورت میں جو فائل ڈاؤنلوڈ ہوگی وہ *زپ شدہ* ہوگی۔ اس زپ شدہ فائل کو ان زپ کریں گے تو تو اسباق کی اوڈیو فائلیں نظر آئیں گی، ورنہ نہیں۔۔۔۔ لہذا بنڈل ڈاؤنلوڈ کرنے کی صورت میں فائل کو ان زپ کرنا ہرگز نہ بھولیں۔۔۔۔ نیز ڈاؤنلوڈ کرنے کیلئے یوسی براؤزر بہتر رہے گا کہ وہ نسبتا تیز رفتار بھی ہے اور کم خطرات والا بھی ہے
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ 
ان زپ کرنے کا طریقہ: زپ والی فائل کو دو تین سکینڈ تک دباکر رکھیں گے تو ٹک کا نشان لگ جائے گا۔ پھر اوپر انتہائی دائیں جانب تین نقطوں ::: کو پریس کریں گے تو exrract to current folder لکھا ہوا نظر آئے گا۔ اس پر پریس کردیں، فائل ان زپ ہوجائے گی۔ مزید وضاحت کیلئے اسکرین شاٹ نمبر ملاحظہ فرمائیں۔۔۔۔۔ اگر آپ کے موبائل میں ان زپ کا یہ فیچر نہ ہو تو پھر لنک نمبر کو پلے اسٹور میں کھولتے ہوئے ایک اپلیکیشن بنام: 7zipper انسٹال فرما لیں، بعد انسٹال ہونے کے پھر اِس ایپلیکیشن کی مدد سے فائل کو ان زپ فرما لیں
دروس کو ڈاؤنلوڈ کرنے کا طریقہ: یہ طریقہ بشکل اسکرین شاٹس (ایک سے تین میں) بیان کردیا گیا ہے، وہیں ملاحظہ فرما لیجئے



لنک ❶۔۔۔۔ دروس 
لنک ❷۔۔۔۔ 7zipper
لنک ❸: ٹیلی گرام پر ہمارے چینل کا لنک 




Wednesday 27 July 2016

​واٹس ایپ گروپس میں از خود ایڈ کرنے/ہونے کا طریقہ​

0 comments
واٹس ایپ گروپس میں از خود ایڈ کرنے/ہونے کا طریقہ
🖋 راہی حجازی

اگر آپ اپنے واٹس ایپ گروپ میں لوگوں کو ایڈ کرنا چاہتے ہیں، ساتھ ہی یہ بھی چاہتے ہیں کہ سب کے نمبر الگ الگ سیو کرنا پھر انکو فردا فردا ایڈ کرنا بھی نہ پڑے، بلکہ لوگ خود بخود ایڈ ہوتے چلے جائیں تو ایسا ممکن ہے۔ کرنا بس یہ ہوگا کہ صرف ایک لنک تشکیل دینا ہوگا۔ اس کے بعد جو بھی گروپ میں ایڈ ہونے کا آرزومند ہوگا اسکو وہ لنک ارسال کردیا جائے۔ موصوف اُس لنک کو واٹس ایپ میں کھولیں گے اور از خود گروپ میں ایڈ ہوجائیں گے۔
لنک تشکیل دینے کیلئے آپکو ایک دوسرا واٹس ایپ بنام: پرائم واٹس ایپ ڈاؤنلوڈ کرنا ہوگا۔حجم چودہ ایم بی ہے۔ ڈاؤنلوڈ لنک
https://drive.google.com/file/d/0B3QqAJF9ZGWOMFVYQ0FwbWdRMVU/view?pref=2&pli=1
ڈاؤنلوڈ ہوجانے کے بعد موجودہ/پرانا واٹس ایپ؛ بیک اپ لیکر ان انسٹال کردیں

اب نیا واٹس ایپ/پرائم واٹس ایپ؛ ری اسٹور چیٹ کے اوپشن کو عمل میں لاتے ہوئے انسٹال کر لیجئے

انسٹال ہوجانے کے بعد اب اُس گروپ میں جائیے جس کے آپ ایڈمن ہیں اور جس کیلئے لنک تشکیل دینا چاہتے ہیں۔وہاں جب آپ add participant کو دبائیں گے تو سب سے اوپر invite to group via link نظر آئے گا، اسے پریس کیجئے۔ پھر کوپی لنک یا شیئر لنک پہ پریس کردیجئے۔کام ختم

یہاں کوئی سوال کرسکتا ہے کہ جناب! فرض کریں کہ ایک صاحب کو ہم نے لنک دیا۔ وہ اس لنک کو ٹیب کرتے ہوئے ہمارے گروپ میں ایڈ ہوگئے۔ مگر نکلا وہ ناکارہ بندہ۔ بد اخلاقی کا مظاہرہ کرتا ہے۔ گروپ کے اصول و ضوابط کی دن دھاڑے ڈنکے کی چوٹ پہ خلاف ورزی کرتا ہے۔ ایسے میں اسکو گروپ سے نکالا جائے گا تو کیسے نکالا جائے گا۔ نکالیں گے بھی اگر تو اسکے پاس وہ لنک محفوظ ہوگا۔ وہ اسے واٹس ایپ میں کھولتے ہوئے پھر گروپ میں آدھمکے گا۔۔۔ یوں تو وہ بلائے جاں بن جائے گا۔ اسکا کوئی حل.......... ؟؟ جی حل ہے۔ اور بہت سادہ حل ہے۔ جہاں ایڈمن نے ایک بار اسکو نکالا یعنی ری موو کیا،اب لنک اس کیلئے کار آمد نہیں رہے گا۔ وہ جب لنک کو پریس کرے گا تو لنک از خود اسکو اسکی اوقات یاد دلادے گا۔ خلاصہ کلام یہ ہے کہ بندہ اگر خود سے نکلا ہے تو وہ لنک کی مدد سے دوبارہ از خود ایڈ ہوسکتا ہے۔لیکن اگر نکالا (ری موو)گیا ہے تو اب یہ لنک اس کے حق میں ناکارہ ہے

انتباہ: خواتین کے حق میں بالخصوص اور حضرات کے حق میں بالعموم یہ انتباہ جاری کیا جاتا ہے کہ اگر آپ اپنے گروپ کا لنک تشکیل دینا چاہتے ہیں تو پھر اس لنک کی حفاظت کرنا بھی آپکی ذمہ داری ہوگی۔ ہر ایرے غیرے، ٹِمّے بِھمّے، کہ و مہ کے ہتھے وہ لنک اگر لگا تو یاد رکھئے گا کہ وہ ٹما بھما گروپ ایڈمن کی اجازت کے بغیر گروپ میں ایڈ ہوگا۔ ہرچند کہ اگلے لمحے میں آپ اسکو ری موو کرسکتے ہیں مگر گروپ کے جملہ ممبران کے نمبرز اسکی دسترس میں ہونگے۔۔۔۔ خواتین کے گروپس بالخصوص ہشیار باش

Tuesday 19 July 2016

کلپ بورڈ

0 comments
کلپ بورڈ 

کلپ بورڈ ایک فیچر ہوتا ہے جس میں کاپی کیا ہوا مواد محفوظ رہتا ہے، کلپ بورڈ سے آپ پیسٹ کر سکتے ہیں۔اس میں الگ الگ کاپی پیسٹ سے نجات مل جاتی ہے۔ملٹی لنگ او کیبورڈ میں زیادہ سے زیادہ کاپی کیا ہوا مواد چھ تک محفوظ رہتا ہے ، جس سے سیری نہیں ہوتی، طبیعت میں ہل من مزید کا داعیہ رہتا ہے۔۔۔ یہ 👇 ایک تھرڈ پارٹی کلپ بورڈ ایپلیکیشن کا لنک ہے، اس میں کاپی کیا ہوا مواد ان لمیٹیڈ محفوظ کرنے کی سہولت بہم پہنچائی گئی ہے۔ شاندار فیچرز پر مشتمل ایپلیکیشن ہے یہ۔ بس خرابی اتنی سی ہے کہ فری نہیں ہے۔ایک سو انتالیس ہندوستانی سکہ رائج الوقت شوق کا مول ہے ۔ جو حضرات ایپ خرید کر استعمال کرنے کا شوق فرماتے ہوں ان کیلئے یہ قیمتی ارمغانِ پلے اسٹور ہے۔ 
ایپلیکیشن 👇
GET IT ON GOOGLE PLAY

کیا حجاب فقط امہات المؤمنین کے ساتھ خاص تھا ؟

0 comments
کیا حجاب فقط امہات المؤمنین کے ساتھ خاص تھا ؟

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
واضح رہے کہ حجاب کا مفہوم جو اس وقت زیر نظر ہے وہ یہ ہے کہ کسی غیر محرم مرد کے سامنےکوئی غیر محرم عورت کسی مجبوری کے بغیر اپنا چہرہ ، سر اور چھاتی وغیرہ کھلی چھوڑ سکتی ہے یا نہیں ؟ یا کم از فقط چہرہ کسی غیر محرم مرد کے سامنے بغیر کسی مجبوری کے کھلا چھوڑ سکتی ہے ؟
تو اس کا واضح سا جواب یہ ہے کہ : نہیں !!
اس ’’نہیں‘‘ کی دلیل میں چند باتیں پیش خدمت ہیں :
يَا أَيُّهَا النَّبِيُّ قُل لِّأَزْوَاجِكَ وَبَنَاتِكَ وَنِسَاءِ الْمُؤْمِنِينَ يُدْنِينَ عَلَيْهِنَّ مِن جَلَابِيبِهِنَّ ۚ ذَٰلِكَ أَدْنَىٰ أَن يُعْرَ‌فْنَ فَلَا يُؤْذَيْنَ ۗ وَكَانَ اللَّـهُ غَفُورً‌ا رَّ‌حِيمًا ۔ ﴿سورۃ الاحزاب 59﴾
اے نبی ! اپنی بیویوں اور بیٹیوں اور مسلمانوں کی عورتوں سے کہہ دو کہ اپنے مونہوں پر نقاب ڈالا کریں یہ اس سے زیادہ قریب ہے کہ پہچانی جائیں پھر نہ ستائی جائیں اور الله بخشنے والا نہایت رحم والا ہے ۔
یہ آیت مبارکہ اپنے مضمون اور مدعا میں بالکل واضح اور دوٹوک ہے ۔ اس کے مضامین کو درج ذیل نکات میں دیکھئے :
اس آیت میں جو حکم ہے وہ اللہ تعالی نے براہ راست نبی کریم ﷺ سے خطاب کر کے امت کو دلوایا ہے
اس آیت میں جو حکم ہے وہ ازواج مطہرات ، نبی کی بیٹیوں اور مسلمان عورتوں سب کو شامل ہے ۔
اس آیت میں جو حکم حجاب ہے وہ ایسی بڑھی اوڑھنی لینے کا ہے جو پورے جسم کو چھپا دے جس میں چہرے کو چھپانا بھی داخل ہے
اس آیت مبارکہ سے جس طرح ازواج مطہرات کو چہرہ ڈھانپنے کا حکم ہے ویسے ہی بلا تفریق عام مسلمان عورتوں کو بھی چہرہ ڈھانپنے کا حکم ہے جو بالکل صریح ہے ۔۔ اس میں ازواج مطہرات کی تخصیص کی کوئی وجہ ہے ہی نہیں ۔۔
اسلامی تاریخ کے تمام نامور متقدمین و متاخرین مفسرین کے اقوال اسی حقیقت پر شاہد ہیں جنہیں ہم فی الوقت اختصار کے پیش نظر ذکر نہیں کر رہے ۔ فقط دو تین حوالے ہی پیش ہیں :
امام ابن جریر الطبری جو متقدمین مفسرین میں سر خیل کی حیثیت رکھتے ہیں وہ فرماتے ہیں :
يقول تعالـى ذكره لنبـيه مـحمد صلى الله عليه وسلم: يا أيها النبـيّ قل لأزواجك وبناتك ونساء الـمؤمنـين، لا يتشبهن بـالإماء فـي لبـاسهنّ إذا هن خرجن من بـيوتهنّ لـحاجتهنّ، فكشفن شعورهنّ ووجوههنّ، ولكن لـيدنـين علـيهنّ من جلابـيبهنّ، لئلا يعرض لهنّ فـاسق، إذا علـم أنهنّ حرائر بأذى من قول.
اے نبی ! اپنی بیویوں ، بیٹیوں اور مسلمانوں کی عورتوں سے کہہ دیجئے کہ جب وہ اپنے کسی کام سے گھر سے باہر نکلیں تو تو باندیوں جیسا لباس نہ پہنیں جس سے ان کے بال اور چہرہ کھلا رہے بلکہ اپنے چہروں پر چادر ڈال لیا کریں جس سے نمایاں ہو کہ یہ آزاد اور شریف عورتیں ہیں تاکہ کوئی فاسق ان پر کوئی آوازہ نہ کسے ۔۔
معروف مفسر علامہ قرطبی رحمہ اللہ تعالی فرماتے ہیں :
لما كانت عادة العربيات التبذّل، وكنّ يكشفْن وجوههنّ كما يفعل الإماء، وكان ذلك داعية إلى نظر الرجال إليهن، وتشعب الفكرة فيهن، أمر الله رسوله صلى الله عليه وسلم أن يأمرهن بإرخاء الجلابيب عليهن إذا أردن الخروج إلى حوائجهن ۔
چونکہ عرب عورتوں کی عادت بالعموم نیچ تھی اور وہ اپنے چہرے کھلے رکھا کرتی تھیں جیسا کہ وہاں کی باندیوں کا دستور تھا اور اسی سبب سے مردوں کی نظریں ان کی طرف اٹھتی تھیں اور معاملات بگڑتے تھے تو اللہ تعالی نے اپنے رسول ﷺ کو حکم دیا کہ وہ اپنی بیویوں ، بیٹیوں اور مسلمان عورتوں کو اس بات کا پابند بنائیں کہ جب وہ اپنے کام کے لیے گھروں سے باھر نکلیں تو اپنے چہروں پر چادر لٹکا لیا کریں ۔۔
ان دو حوالوں سے یہ بات بالکل بے غبار ہو جاتی ہے کہ حجاب کا حکم فقط امہات المومنین کے ساتھ خاص نہیں تھا بلکہ عام مسلمان عورتیں بھی اس حکم میں ان کے ساتھ شامل ہیں ۔
البتہ باندیوں کا معاملہ ان سے مختلف تھا جیسا کہ اوپر کے حوالے میں بھی اشارہ ہے اور کتب فقہ میں بھی اس کی تصریحات موجود ہیں ۔۔
۔
۔
عمار خان ناصر صاحب کی پیش کردہ روایات کی حقیقت :
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آب یہاں قدرتی طور پر سوال پیدا ہوتا ہے کہ جب قرآن کریم کی اس آیت مبارکہ سے اور مفسرین کی تصریحات سے یہ بات واضح ہےتو متعدد احادیث مبارکہ میں اس سے مختلف صورتحال کیوں محسوس ہوتی ہے جس کی بنیاد بنا کر عمار خان ناصر نے یہ بات کہی ہے کہ حجاب امہات المومنین کے ساتھ خاص تھا ؟
تو اس کا جواب یہ ہے کہ وہ تمام روایات اس مسئلے سے متعلق ہیں ہی نہیں کہ حجاب امہات المومنین کے ساتھ خاص ہے یا عام مسلمان عورتیں کے لیے بھی چہرے کے حجاب کا حکم ہے ؟ وہ روایات اس مسئلے سے غیر متعلق ہیں ۔۔
ایسے میں اگر ویسے دس بارہ ہی کیا بیس تیس احادیث بھی ذکر کر دی جائیں تو اس سے مسئلے پر کیا فرق پڑے گا ؟
وہ تمام روایات دو باتوں کی وضاحت کرتی ہیں :
1 : نبی کریم ﷺ کی ازواج مطہرات کے لیے حجاب لازم تھا اور آپ جنہیں باندی کے طور پر اپنے پاس رکھتے تھے اس کے لیے یہ حجاب لازم نہ تھا ۔۔ کیوں کہ باندیوں کے احکامات آزاد عورتوں کے احکامات سے مختلف ہیں ۔ چنانچہ عمار خان ناصر صاحب کی پیش کردہ ابتدائی نو روایات سب کی سب اسی حقیقت کو بتلا رہی ہیں
2 : عام مسلمان آزاد عورتوں کے چہرے یا ہتھیلیوں کی طرف نظر کرنا بعض حالات میں مباح ہوتا ہے جبکہ کسی غیر محرم کو ازواج مطہرات کی نظر کرنا سرے سے جائز ہی نہیں رکھا گیا اور یہی ان کی وہ خصوصیت ہے جس کی وجہ سے انہیں سائر الناس پر فضیلت کی بات امام ابراہیم نخعی نے فرمائی ہے ۔ الغرض عمار خان ناصر صاحب کی طرف سے پیش کردہ امام طحاوی اور امام ابراہیم نخعی رحمہما اللہ تعالی کے حوالوں میں یہی بات بیان کی گئی ہے جو جمہور اھل علم کے مسلک کے عین موافق ہے ۔۔ مخالف نہیں ہے ۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
فقط و اللہ اعلم بالصواب

سراجی کے طلبہ متوجہ ہوں ✒ راہی حجازی

1 comments
سراجی کے طلبہ متوجہ ہوں
 راہی حجازی
فرینڈ لسٹ میں اہل علم بھی ہیں جنکو وقتا فوقتا تقسیم میراث کے مسائل سے سابقہ پڑتا ہوگا۔ فن میراث پڑھائی اور امتحان کے زمانے تک تو یاد رہتا ہے، بعد ازاں اس پر بھول بھلیوں کے گرد کی موٹی تہہ بیٹھ جاتی ہے اور تقریبا سب نسیا منسیا ہوجاتا ہے، لیکن عملی زندگی میں تقسیم ترکہ اور میراث کے مسائل سے سابقہ پڑنا ناگذیر و لابدی ہے، ایسے میں جو حضرات کتاب سے مراجعت کرتے ہوئے ممکنہ جواب تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں انکے لئے یہ ایپلیکیشن کافی ممد و معاون ثابت ہوسکتی ہے۔ زیر نظر ایپلیکیشن کیلکولیٹر کی طرح کام کرتی ہے۔ جتنے رشتہ دار حیات ہوں سب کے نام پر ٹک  لگائیے، ایک سے زائد اگر ہوں، جیسے پانچ بھائی تو ہندسے پہ پانچ بار انگلی پریس کیجئے۔ اس کے بعد حساب کا بٹن دبا دیجئے، جھٹ سے تفصیل سامنے۔ جنکو حصہ مل رہا ہوگا انکے حصے کی بھی تفصیل سامنے ۔ اور جو محروم و محبوب ہونگے انکا بھی بیان سامنے
اہم ترین نوٹ: ایپلیکیشن صرف علماء کیلئے ہے اور جو علماء ایپلیکیشن استعمال کریں وہ اپنی ذمہ داری پہ استعمال کریں، اونچ نیچ ہونے کی صورت میں راہی حجازی ذمہ دار نہ ہوگا
  
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

سہولت کار ✒ راہی حجازی

0 comments
سہولت کار
 راہی حجازی
بعض لوگوں کو دیکھا ہے کہ وہ اہل تبلیغ کی محبت میں گرفتار ہوکر کچھ دیگر علماء حق پر کیچڑ اچھالنا شروع کردیتے ہیں، ان کے علمی و دعوتی کام کو کام ہی نہیں سمجھتے بلکہ انکو فرقہ پرستی کی دعوت دینے والے گرداننے لگتے ہیں، بالخصوص جو مناظرین اسلام فرقہ ناجیہ پر ہونے والے چو طرفہ حملوں کا دفاع کرتے ہیں وہ ایسے محبانِ دعوت و تبلیغ کی نگاہ میں کوئی خاص وقعت نہیں رکھتے۔ میں نے بہت سے ایسے اہل دعوت و تبلیغ دیکھے ہیں جو حضرت مولانا الیاس گھمن صاحب دامت برکاتہم اور ان جیسے دیگر اہل علم کے کام کو کام نہیں جانتے، حتی کہ بعض تو انکے کاموں کو فرقہ پرستی پھیلانے کا باعث بھی گردانتے ہیں۔ ایسے حضرات سے گذارش ہے کہ وہ ہاتھ ہلکا رکھا کریں۔ حضرت مولانا الیاس گھمن صاحب دامت برکاتہم جیسے اہل علم دین کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے ہیں اور مولانا طارق جمیل صاحب دامت برکاتہم جیسے داعی و واعظ دین کے اندر کام کرنے والے ہیں۔ دونوں کے اپنے اپنے میدان عمل ہیں، اپنے اپنے تقاضے ہیں، سرحد کا جو فوجی ہوتا ہے اس کے اپنے کرائٹیریا اور پیرا میٹرز ہوتے ہیں۔ ملک کے اندر رہنے والے محبت و اتفاق کے علم برداروں کے اپنے کرائٹیریا اور پیرا میٹرز ہوتے ہیں، دونوں اپنی اپنی حدود جانتے ہیں اور اسی میں کام بھی کرتے ہیں۔ ایک دوسرے کے حدود میں قدم نہیں رکھتے۔ مثال کے طور سے عبد الستار ایدھی مرحوم اور کلدیپ نیئر جیسے ملک کے اندر کام کرنے والے حضرات میل ملاپ اور محبت و اتفاق کی بات کرتے ہیں، انکا بات کرنا بنتا بھی ہے، بلکہ یہ تو واگھ بارڈر پر محبت اور امن کے دیپ بھی جلا آتے ہیں۔ لیکن سرحد کی چوکسی پر مامور فوجی کا کام سرحد پر امن و آشتی کے دیپ جلانا نہیں ہوتا۔ اسکا کام دہشت گردی اور گھس پیٹی سے سرحد کی حفاظت کرنا ہوتا ہے۔ وہ اگر سرحد پر کبھی گھس پیٹ دیکھ لے تو سیدھا گولی چلاتا ہے اور ملک کے دشمن کو پیوند خاک بناتا ہے۔ یوں دونوں فریق مل کر ملک کی گاڑی کو بحسن و خوبی منزل کی طرف رواں دواں رکھتے ہیں۔ اسی طرح بعض لوگ دین کے اندر کام کرنے والے ہوتے ہیں اور بعض دین کی سرحدوں پر، اندر کام کرنے والے اتحاد و اتفاق کی بات کرتے ہیں اور سرحد پر کام کرنے والے سرحد کی فتنوں سے حفاظت کرتے ہیں۔ اندر کام کرنے والے محبت و آشتی کے دیپ اسی وقت تک جلا کر رکھ سکتے ہیں جب تک سرحد کی حفاظت پر مامور حضرات اپنے مفوضہ امور انجام دیتے رہتے ہیں۔ وہ اگر مفوضہ امور انجام نہ دیں تو اندر دیپ جلانے والوں کے دیپ نہیں گھر اور بستیاں جلادی جائیں۔ ایسے میں کچھ اہل تبلیغ حضرات کی طرف سے مناظرین حضرات کو ڈی گریڈ کرنا، انکو دیوار سے لگانا، انکے کام کو فرقہ پرستی پھیلانے کا باعث گرداننا دین کو اور دین کی سرحدوں کو ڈھا دینے کے مترادف ہے۔ دین کی گاڑی حسن و خوبی کے ساتھ منزل کی طرف گامزن اسی وقت تک رہ سکتی ہے جب تک دونوں اپنے اپنے میدان عمل میں کام کرتے رہیں۔ خدارا دین کی سرحدوں کی حفاظت کیجئے، نہ کرسکتے ہوں تو حفاظت کرنے والوں کے سہولت کار بنئے دشوار کار نہیں


موبائل کی ریم میں اضافہ کیسے کریں ✒ راہی حجازی

0 comments
موبائل کی ریم میں اضافہ کیسے کریں
 راہی حجازی

جن لوگوں کے موبائل کی ریم کم ہو جسکی وجہ سے موبائل رک رک کر چلتا ہو اور موبائل اعتبار کے موسم سے گذر چکا ہو، وارنٹی گارنٹی کی حدود سے نکل چکا ہو تو انکو چاہئے کہ اپنی ڈیوائس روٹ کرلیں یا کروالیں کہ روٹ کرنے کے بعد ریم کی مقدار میں اضافہ کرنا ممکن ہوجاتا ہے۔۔۔ اضافہ کرنے کیلئے اپلیکیشن کا ڈاؤنلوڈ لنک 👇
Take a look at "ROEHSOFT RAM Expander (SWAP)" -https://play.google.com/store/apps/details…
طریقہ کار:
ایپلیکیشن اوپن کیجئے
سوائپ فائل میں وہ مقدار منتخب کیجئے جو آپ اضافہ میں رکھنا چاہتے ہیں
سوائپ نیس کو سو فیصد کر دیجئے
بالکل اوپر بائیں جانب سوائپ ایکٹیو کو پریس کردیں یا ٹک  لگا دیں۔ ٹک لگتے ہی اضافہ ہونا شروع ہوجائے گا۔۔۔ بعد اضافہ ہو چکنے کے کلوز کو پریس کرتے ہوئے باہر آجائیں۔
اسکرین شاٹ منسلک تحریر کیا جارہا ہے
نوٹ: اپلیکیشن کے اجراء کیلئے موبائل کا روٹ شدہ ہونا لابدی ہے۔ ریم میں اضافہ اوفیشلی طور سے ایپلیکیشن کے علاوہ اور کہیں نظر نہیں آئے گا تاہم موبائل کا اسمود اور سبک خرام ہونا آپ بنفس نفیس محسوس کریں گے۔ بوقتِ اضافہء ریم گر کچھ اونچ نیچ ہوئی، تو راہی حجازی ذمہ دار نئی۔ سواری اپنے سامان کی خود حفاظت کرے کے قبیل سے: صارف اپنے موبائل کی خود حفاظت کرے۔

 مفت ایپلیکیشن کیلئے لنک